نئی دلی: آغا سید روح اللہ کی میر واعظ سے ملاقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال
نئی دہلی: نیشنل کانفرنس (این سی) کے رکن بھارتی پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق سے نئی دلی میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میںبھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کی صورتحال، سیاسی نظربندوں کی رہائی، بھارت میں مسلمانوں کی حالت زاراور دیگر معاملات پر گفتگو کی گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دونوں رہنماﺅں کے قریبی ذرائع کا بتانا ہے کہ مہدی نے میر واعظ سے ملاقات کی اور جموںوکشمیر اور بھارت میں مسلمان کمیونٹی سے متعلق مسائل پر تبادلہ کیا۔ ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہی جس میں دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموںوکشمیر کی صورتحال ، ریاستی حیثیت کی بحالی اور سیاسی قیدیوں کی رہائی سمیت دیگر مسائل پر بات چیت ہوئی ۔ دونوں رہنماﺅں نے وقف ترمیمی بل کے حوالے سے بھی بات کی ۔ میر واعظ نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے رہنما نے ان سے ملاقات کی ہے ۔انہوںنے کہا کہ وہ (مہدی) مجھ سے ملنے آئے تھے ، وہ پارلیمنٹ کے اجلاس کے سلسلے میں دلی میں ہیں ، یہ ایک شائستہ ملاقات تھی جو انہوں نے میرے میر واعظ ہونے کے طورپر مجھ سے کی ۔ یاد رہے کہ میر واعظ عمر فاروق آج کل نئی دلی میں ہیں۔