انجینئر رشید کا بارہمولہ اورکٹھوعہ میں دوشہریوں کے قتل کی تحقیقات کا مطالبہ

نئی دہلی: جیل میں نظر بندحلقہ انتخاب بارہمولہ سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن انجینئر رشید نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں دو نوجوانوں کے قتل میں بھارتی فوجیوں کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کا خون سستا نہیں ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجینئر رشید نے دو روزہ پیرول پر بھارتی پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں دو شہریوں کے قتل کا معاملہ اٹھایا اورکہا کہ ان ہلاکتوں کے ذمہ دار بھارتی فوجی ہیں۔انجینئر رشید نے کہاکہ شہری مکھن دین اور ٹرک ڈرائیور وسیم میر کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔ انہوں نے دونوں واقعات کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جانیں قیمتی ہیں، کچھ شرم کرو۔ انجینئر رشید کو پولیس کی حفاظت میں پارلیمنٹ لایا گیا۔بھارتی فورسز نے وسیم احمد میر نامی ٹرک ڈرائیور کو گزشتہ ہفتے بارہمولہ میں گولی مار کرقتل کر دیا تھا جبکہ کٹھوعہ میں مکھن دین نامی شہری کو پولیس نے دوران حراست تشدد کا نشانہ بناکر قتل کیا۔