میرواعظ ، آغاحسن کی13جولائی کے شہدا ء کے خلاف بی جے پی لیڈر کے اشتعال انگیز بیان کی مذمت
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور عوامی مجلس عمل کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے اسمبلی میں تقریر کے دوران 13جولائی 1931کے شہدا ء کے خلاف بی جے پی رہنما سنیل شرما کے اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ 13جولائی 1931کے شہدا ء کے حوالے سے اسمبلی میں بی جے پی کے ایک رکن کے اشتعال انگیزبیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، جنہیں جموں و کشمیر اور مظلوم کشمیری عوام کے حقوق اور وقار کے لیے کھڑے ہونے کی وجہ سے بہیمانہ طریقے سے شہیدکیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ہر کوئی 1931کے شہدا ء کا احترام کرتا ہے اور انہیں بدنام کرنے کی کسی بھی کوشش کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ 13جولائی 1931کو مہاراجہ ہری سنگھ کے خلاف احتجاج کے دوران ڈوگرہ فوجیوں نے20 سے زائد نہتے مظاہرین کو شہید کر دیا تھا۔
دریں اثناء انجمن شرعی شیعیان کے صدر اورسینئر حریت رہنماآغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بی جے پی لیڈر کی طرف سے 13جولائی کے شہدا ء کے بارے میں استعمال کی گئی نازیبا زبان کی شدید مذمت کی ہے۔ آغا حسن نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ 13جولائی کے شہدا ء شہری اور سیاسی حقوق کے لیے جموں وکشمیر کی طویل جدوجہد کا ثبوت ہیں۔لیکن بی جے پی اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے جموں و کشمیر کی سیاسی تاریخ کو دوبارہ لکھنے اورمنظم طریقے سے ایسے اہم واقعات کو تاریخ سے مٹا نے کی کوشش کررہی ہے۔