دیویندر سنگھ بہل کا بھارتی جیلوں میں نظر بند کشمیری حریت پسندوں کی حالت زار پراظہار تشویش
جموں14نومبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموں و کشمیر سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیونیدر سنگھ بہل نے بھارتی جیلوںمیں نظر بند کشمیری حریت پسندوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
دیونیدر سنگھ بہل نے جموں میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جیل انتظامیہ کشمیری حریت پسند وںکو جیل مینول کے مطابق سہولیات سے محروم کرکے ان کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے محمد اشر ف صحرائی اور الطاف احمد شاہ سمیت کئی نظربند دوران اسیری اس دنیا سے رحلت کرگئے ۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں نظربند شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک اور دیگر حریت رہنمائوں کی صحت انتہائی خراب ہے اور بھارتی انتظامیہ ان کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہی ہے۔ ایڈووکیٹ بہل نے کہا کہ بھارت نے ان رہنمائوں کو غیر قانونی طور پر اس لئے نظر بند کررکھا ہے کیونکہ کشمیری عوام اپنے جائز حق کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حق کا مطالبہ کرنا کوئی گناہ نہیں ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ کشمیری عوا م حق خود ارادیت کے حصول کیلئے پرامن جدوجہد کررہے ہیں جس کی اجازت عالمی قوانین بھی دیتے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جیلوں میں نظر بند کشمیریوںکی رہائی کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ ان کی زندگیوں کو بچایا جاسکے۔