پاکستان

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے عوامی مجلس عمل اور اتحاد المسلمین پر 5سال کی پابندی کی شدید مذمت

اسلام آباد:
پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ممتاز سیاسی اور مذہبی رہنما میر واعظ عمر فاروق کی زیر قیادت عوامی مجلس عمل اور جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کو پانچ سال کے لیے غیر قانونی قرار دینے کے بھارتی حکومت کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں پر پابندی لگانے سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض حکام کی ظالمانہ پالیسی کی عکاسی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام سیاسی سرگرمیوں اور اختلاف رائے کو دبانے کی خواہش کو بھی ظاہر کرتا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکومت کے اس اقدام سے جمہوری اصولوں اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کی خلاف ورزی بھی ظاہر کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام کے حالیہ فیصلے سے کالعدم کشمیری سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی مجموعی تعداد 16ہو گئی ہے۔ترجمان دفترخارجہ نے بھارتی حکومت پرزوردیاکہ وہ کشمیری سیاسی جماعتوں پر عائد پابندیاں ہٹائے، تمام سیاسی قیدیوں کی رہا کرے اور جموں و کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔
واضح رہے کہ عوامی مجلس عمل کی قیادت میر واعظ عمر فاروق کررہے ہیں جبکہ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کی بنیاد سینئر سیاسی اور مذہبی رہنما مولانا محمد عباس انصاری مرحوم نے رکھی تھی جن کا 2022میں انتقال ہو گیاتھا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button