قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ،دشمن کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دینگے
یومِ قائداعظم پر آزادجموں وکشمیر کے شہریوں کا قوم کے نام خصوصی پیغام

اسلام آباد:
آزاد کشمیر کے عوام نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی خدمات اور جدوجہد کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیاہے اور ان کے افکار کو پوری قوم کیلئے مشعل راہ قرار دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آزاد کشمیر کے شہریوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا اور ہم کبھی دشمن کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دینگے۔پاکستان، کشمیر کے بغیر ادھورا ہے، کشمیر کی وادیاں آج بھی آزادی کا نغمہ پکارتی ہیں، قائداعظم کا خواب آج بھی کشمیریوں کے سینے میں دھڑکتا ہے اور ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ قائداعظم نے قوم کو دیانت، نظم و ضبط اور قانون کی پاسداری کا راستہ دکھایا، جو آج بھی ہماری رہنمائی کر رہا ہے۔قائداعظم نے کمزور دلوں میں یقین پیدا کیا اور قوم کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرنا سکھایا، قائداعظم کا نظریہ آج بھی زندہ ہے اور قوم کی فکری سمت متعین کر رہا ہے۔ کشمیر کے خوابوں میں قائداعظم کا نظریہ آج بھی زندہ و جاوید ہے اور ہر سانس میں سمایا ہوا ہے۔ یومِ قائداعظم کے موقع پر ہم ملک سے وفاداری اور حب الوطنی کا عزم و عہد دہراتے ہیں۔ قائداعظم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان مضبوط اور خوشحال بن سکتا ہے۔




