کینیڈا:بھارتی حکام ہردیپ سنگھ نجر کے قتل سے منسلک تھے ، میڈیا رپورٹ میں انکشاف

نئی دلی:کینیڈا کی ایک تازہ میڈیا رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی حکام 2023 میں برٹش کولمبیا کے شہر سرے میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل سے منسلک تھے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کینیڈین اخبار The Globe and Mail نے قومی سلامتی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ وینکوور میں تعینات بھارتی قونصل خانے کے عملے نے سکھ لیڈر کے قتل میں معاونت کرنے والی اہم معلومات فراہم کیں۔ رپورٹ میں ایک مخصوص بھاریی اہلکار کا نام بھی لیا گیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔یہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں شائع کی گئی ہے جب کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی بھارت کے دورے پر ہیں ۔اپنے سرکاری بیان میں کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی نے عالمی سطح پر جبر کا مقابلہ کرنے اور منظم مجرمانہ نیٹ ورکس سے نمٹنے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔
واضح رہے کہ 2023میں اس وقت کے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے پارلیمنٹ سے خطاب میں سکھ لیڈر ہر دیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا انکشاف کیاتھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی شدت اختیار کر گئی تھی۔








