فیلڈ مارشل کے دورہ امریکہ سے عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت بڑھ گئی، بھارت کا پروپیگنڈاناکام

اسلام آباد: فیلڈ مارشل عاصم منیرکے دورہ امریکہ سے عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے اوراسے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تزویراتی تعلقات کی نئی جہت متعین ہوگی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا حالیہ دور ہ امریکہ نہ صرف ایک سفارتی کامیابی ہے بلکہ خطے میں بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں ایک فیصلہ کن لمحہ بھی ہے۔ یہ دورہ ایسی نازک گھڑی پر ہوا جب مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے واقعے کی آڑ میں بھارت نے تمام بین الاقوامی قوانین اورضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیااورپاکستان کے منہ توڑ جواب کے بعداسے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مشرقِ وسطی میں ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد حالات کشیدہ ہیںاور بھارت پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرنے کی مسلسل ناکام کوششیں کر رہا ہے۔پاکستان اور امریکہ کے درمیان شراکت داری دہشتگردی کے خلاف جنگ، خطے کے امن اور عالمی استحکام کے لیے ہمیشہ اہم رہی ہے۔یہ دورہ اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور بااعتماد شراکت دار کے طور پر عالمی سطح پر اپنے کردار کو بھرپور انداز میں نبھا رہا ہے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نہ صرف بھارتی اشتعال انگیزیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا بلکہ ایران اور مسلم دنیا کے تحفظات کو بھی براہ راست امریکی حکام کے سامنے رکھا۔یہ پاکستان کی قومی خودمختاری، علاقائی استحکام اور امتِ مسلمہ کے مفاد میں فعال سفارتکاری کا ثبوت ہے۔ پہلگام واقعے پر شکست کے بعد بھارت شدید سفارتی تنہائی کا شکار ہے۔بھارتی میڈیا اور اس کے ریاستی ترجمانوں نے عاصم منیر کے دورہ امریکہ کو ایران مخالف رنگ دینے کی کوشش کی جو مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہے اور بھارت کی یہ مذموم مہم ناکام ثابت ہوئی۔ایران نے خود پاکستان کے موقف کو سراہا اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان کا عالمی کردار مستحکم ہو رہا ہے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے سے واضح ہوتاہے کہ پاکستان اب خطے میں ایک متوازن، بردبار اور کلیدی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے۔پاکستان کی اسٹریٹجک بصیرت، پیشہ ورانہ عسکری قیادت اور سفارتی حکمت عملی کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔عالمی سطح پرپاکستان کی قیادت پراعتماد کا اظہارکیاجارہا ہے جبکہ بھارت کی ساکھ خاک میں مل گئی ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکہ میں پاکستان کا مقدمہ موثر انداز میںپیش کرنابھارت کی تمام جھوٹی مہمات اور سفارتی چالاکیوں کا بھرپور جواب ہے۔پاکستان نہ صرف خطے میں امن کا علمبردار ہے بلکہ اب ایک بھرپور عالمی آواز بھی بنتا جا رہا ہے۔






