مقبوضہ جموں و کشمیر

سڑک حادثات میں بھارتی فوجی سمیت 6افراد کی موت، متعدد زخمی

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں سڑکوں کی ناگفتہ بہہ صورتحال کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں ایک بھارتی فوجی سمیت چھ افراد کی موت ہو گئی ہے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع پونچھ میں مینڈھر کے علاقے گھنی میں ایک مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے 4افراد جاں بحق اور 44زخمی ہوگئے۔ حکام نے بتایا کہ بس گھنی سے مینڈھر جا رہی تھی جب ڈرائیور نے بس کا کنٹرول کھودیا اوروہ سڑک سے پھسل کر ایک کھائی میں جاگری۔ڈاکٹر اشفاق احمد نے چار مسافروں کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں میں سے پانچ کی حالت نازک ہے اور انہیں خصوصی علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا ہے۔مرنے والوں میں ایک بھارتی فوجی بھی شامل ہے جس کی شناخت آسام رائفلز کے عبدالمجید کے نام سے ہوئی ہے جو مینڈھر کا رہائشی تھا۔
ایک اورحادثے میں ایک 25سالہ موٹر سائیکل سوار اس وقت ہلاک ہو گیا جب اس کی موٹر سائیکل جموں-راجوری ہائی وے پر سندر بنی کے قریب ایک گاڑی سے ٹکرا گئی۔ ہلاک ہونے والے کی شناخت راحیل شرما کے طور پر ہوئی ہے جو ضلع راجوری کے علاقے راہ سیوٹ ملارہ کا رہنے والا تھا۔ دریں اثناء ضلع کپواڑہ میں درگمولہ کے علاقے وترخانی میں ایک مزدور مٹی کے تودے کے نیچے دب کر جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت حبیب اللہ ملک کے نام سے ہوئی ہے جو درگمولہ کا رہائشی تھا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button