بھارتی جارحیت نے دو ایٹمی قوتوں کو جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا، پاکستان
اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت کی جارحیت نے دو ایٹمی قوتوں کو جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، بھارتی جنگی جنون پر دنیا کو تشویش ہونی چاہیے، بھارتی میڈیا منصوبہ بندی کے تحت خطے کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی جنگی جنون پر دنیا کو تشویش ہونی چاہیے، پہلگام حملے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں،بھارت نے کشیدگی نہ بڑھانے کے عالمی مطالبات پر کان نہیں دھرے۔انہوںنے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتحال سے سب آگاہ ہیں، بھارت کی جانب سے 7 مئی سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، بھارت کے اس عمل نے دنوں ایٹمی طاقتوں کو جنگ کے دہانے پر پہنچایا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم پہلگام کے واقعے کی پاکستان پر الزامات کی ایک بار پھر تردید کرتے ہیں، بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ، بھارت نے پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کی کوئی ٹھوس ثبوت نہیں دیے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے متعدد شہروں میں ڈرون حملے کیے گئے، کیا کوئی ملک کسی بھی ملک کو سوشل میڈیا بیانات کے اوپر کسی ملک پر حملہ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حاضر سروس ”را“ ایجنڈ کلبوشن یادیو کو بلوجستان سے گرفتار کیا گیا تھا، بھارت نے شہری علاقوں میں حملے کر کے معصوم بچوں ، خواتین کو شہید کیا، ہم عالمی دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں بھارت کو اس معاملے پر جواب دہ ٹھہرائے۔
ترجمان شفقت علی خان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت یکطرفہ سندھ طاس معاہدے کو معطل نہیں کر سکتا ہے، ہم بھارت کے سیکریٹری خارجہ کے بیانات کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہندو انتہا پسندی میں 40 پاکستانی شہید ہوئے، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے کچھ حصے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں تباہ ہوئے۔انہوں نے کہ اکہ بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈے کے تحت ایک کشیدہ صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی، بھارتی میڈیا منصوبہ بندی کے تحت خطے کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ چارٹر کے مطابق جوابی کاروائی کا حق رکھتا ہے۔