آزاد کشمیر

آزاد جموں و کشمیر کے صدر کا بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج مظفرآباد میں سماہنی سے تعلق رکھنے والے چوہدری رزاق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج کے اچانک حملے نے نہ صرف بھارت کی اہم فوجی تنصیبات کو تباہ کر دیا بلکہ مودی کے غرور کو بھی خاک میں ملا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام بھارتی فسطائیت کے خلاف لڑنے کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے کنٹرول لائن پر شہری آبادیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے، شہری انفراسٹرکچر پر بمباری اور بے گناہ لوگوں کو شہید کرنے پر بھارت کی مذمت کی۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور بااثر عالمی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں اور خطے کو جنگ سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔صدرآزادکشمیر نے تنازعہ کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار دیرینہ تنازعے کے منصفانہ اور پائیدار حل پر ہے۔اس موقع پر چوہدری رزاق نے صدر کو کنٹرول لائن پر سماہنی سیکٹر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button