مظفرآباد میں قراردادالحاق پاکستان کی تائید و توثیق کیلئے مختلف تقاریب کا اہتما م کیاگیا
مظفرآباد :آزاد جموں وکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں 19جولائی 1947کی تاریخی قرارداد الحاق پاکستان کی تائید و توثیق اور حمایت کیلئے مختلف تقاریب کا اہتمام کیاگیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظفر آباد میں آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کی جانب سے تجدید یوم الحاق پاکستان کنونشن کا انعقاد بھی کیا گیا ۔ کنونشن میں 19 جولائی 1947 کی قرارداد الحاق پاکستان کی تجدید کی گئی۔آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم اورمسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نظریہ الحاق پاکستان کا نعرہ جنوبی ایشیا کے محفوظ مستقبل کی ضمانت اور خطے میں توازن کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہاکہ جموںو کشمیر کے عوام کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اوربھارتی تسلط سے کشمیرکی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔دیگر مقررین نے عزم ظاہرکیاکہ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا۔جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام مظفر آباد میں یوم الحاق پاکستان کے سلسلے میں تقریب منعقد کی گئی ۔ تقریب کے مقررین میں وزرا حکومت، کابینہ کے اراکین اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں۔ انہوںنے کہاکہ یوم قرار داد الحاق پاکستان کشمیریوں کے لیے تاریخی دن ہے کیونکہ اس روز کشمیریوں نے اپنی منزل یعنی پاکستان کا تعین کیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت کشمیریوں کے لہو میں شامل اور پاکستان سے الحاق فطری ،نظریاتی اور جغرافیائی بنیادوں پر ہے۔مقررین نے کہاکہ بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ظلم ویت اور سفاکیت کا کوئی بھی حربہ کشمیریوں کے دلوں سے پاکستانیت کوختم نہیں کر سکتا ۔