آزاد کشمیر

سید علی گیلانی ایک عہد ساز شخصیت تھے، وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر

اسلام آباد01 ستمبر (کے ایم ایس) آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے بزرگ آزادی پسند رہنما سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم رہنما ایک عہد ساز شخصیت تھے جو پوری زندگی آزادی کے لیے جدوجہد کرتے رہے اور تحریک آزادی کو انتہائی ہمت اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھایا۔
وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر نے خصوصی بیان میں کہا کہ سید علی گیلانی کے انتقال سے پیدا ہونے والا سیاسی خلا آسانی سے پر نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی جبر کے خلاف مزاحمت کی علامت تھے اور ان کی طرف سے چھوڑی گئی قابل فخر میراث آئندہ نسلوں کے لیے مشعل راہ کا کام کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ برسوں کی طویل آزمائشیں اور مصائب سید علی گیلانی کو آزادی کے عظیم مقصد سے باز نہیں رکھ سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بابائے حریت نے اپنی راہ میں آنے والے ہر چیلنج کا بہادری سے مقابلہ کیا اور بھارتی جبرکے آگے چٹان کی مانند کھڑے رہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر اور کشمیریوں کے حقوق کے لیے وقف کیے رکھی اور زندگی کی آخری سانس تک اپنے نظریے پر ڈٹے رہے ۔ وزیر اعظم آزاد جموںوکشمیر نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی زندگی کا بیشتر حصہ قید میں رہے لیکن آزمائشیں اور مصائب کشمیر کی آزادی کے لیے ان کے لازوال جذبے کو کم نہ کر سکے۔آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم کا موثر نوٹس لیں اور علاقے میں جنگی جرائم پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button