بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں، بے چین نہیں، اسحاق ڈار
اسلام آباد:نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن بے چین نہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ میں وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ ایک پریس بریفنگ میں کہاکہ خطے میں بھارت کی بالادستی کے دعوے ہوا میں اڑ گئے، ہیں دنیا نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی ہے، بھارت میں الزام تراشیاں جاری ہیں اور صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تصدیق ہوئی ہے بھارتی جارحیت کے جواب میں پاک فضائیہ کی کارروائی میں تباہ ہونے والے چھ لڑاکا طیاروں میں تین نہیں بلکہ چار رافیل طیارے شامل تھے۔ بھارتی الزامات اور حالیہ جارحیت کے تناظر میں نائب وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ چین نے پاکستان کی بھرپور حمایت کی اور چینی وزارت خارجہ کی جانب سے اگلے ہی روز پاکستان کے موقف کی تائید میں بیان جاری کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی طرف سے پھیلائے گئے جھوٹے الزامات کے جواب میں پاکستان نے ایک موثر سفارتی حکمت عملی اپنائی۔ پاکستان کا اعلی سطح کا وفد بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں امریکا، برطانیہ اور برسلز روانہ کیا گیاہے اوردیگر سفارتی ٹیمیں بھی متحرک ہیں۔ وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا نے جھوٹ اور فیک نیوز کا سہارا لیا،پاکستان نے بھارت کو عسکری میدان، بیانیہ کی جنگ اور سفارتی محاذ پر موثر اور بھرپور انداز میں شکست دی۔ بھارتی بیانیے کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔