مقبوضہ کشمیر : سکینہ ایتو کا کالے قانون آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کی منسوخی کا مطالبہ

سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کی رہنما اور وزیر تعلیم و صحت سکینہ ایتو نے مقبوضہ علاقے میں رائج کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کی منسوخی کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سکینہ ایتو نے سرینگر میں ایک بیان میں بھارتی لیڈروں کے مقبوضہ علاقے میں صورتحال معمول پر آنے کے دعوئوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر مقبوضہ علاقے میں سب کچھ ٹھیک ہے توفوری طورپر کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کومنسوخ کیا جانا چاہیے جس کے تحت بھارتی فوجیوں کو کشمیریوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ سکینہ ایتو کا یہ بیان بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ اس حالیہ بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں صورتحال کی بہتری کا حوالہ دیتے ہوئے کہاتھا کہ ایک علاقے کو چھوڑ کر شمال مشرق علاقوں سے کالا قانون افسپا مکمل طور پرمنسوخ کردیا جائے گا۔جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے مطالبے پر، انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کابینہ پہلے ہی ایک قرارداد پاس کر چکی ہے جسے لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے نئی دلی بھجوا یا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم کوئی نئی چیز نہیں بلکہ جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا مطالبہ کررہے ہیں جسے مودی حکومت نے منسوخ کر دیاتھا۔







