پاکستان

بھارت کی جانب سے پانی روکنا جنگ کا باعث بن سکتا ہے:بلاول بھٹو

اسلام آباد:پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے پانی روکنا واقعی جنگ کا باعث بن سکتا ہے ، سندھ طاس معاہدے کی کھلی خلاف ورزی پاکستان کی ریڈ لائن ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سابق وزیرخارجہ اور پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے جرمنی کے نیوز چینل ڈی ڈبلیو کو انٹرویو میں کہا کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا فیصلہ واپس لینا پڑے گا، یہ انسانی حقوق کے خلاف ہے، عمل درآمد تو دور کی بات ہے، صرف یہ دھمکی دینا کہ بھارت پاکستان کے پانی کو روکے گا، اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ حق دفاع کی تو دور کی بات یہ تو ہماری بقاء کا مسئلہ ہے ۔بطور ریاست ہماری ذمے داری ہے کہ ہم اپنے لوگوں کو ان کا حق دلوائیں چاہے اس کے لیے ہمیں جنگ کیوں نہ کرنی پڑے۔ انہوں نے کہاکہ پانی ہماری ریڈ لائن ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے بہت سے واقعات ہوتے ہیں جن میں بھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں، سب سے بڑا ثبوت کلبھوش یادو کی گرفتاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ نہیں کہا کہ اس کی وجہ سے ہم جنگ چھیڑ رہے ہیں لیکن بھارت نے پاکستان کا پانی بند کرنے پر عمل درآمد کیا تو مجبورا ًپاکستان کو جنگ کے میدان میں اترنا پڑے گا۔واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعہ پر اپنا نقطہ نظر دنیا کے سامنے پیش کرنے اور نئی دہلی کے غیر ثابت شدہ الزامات کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک وسیع البنیاد سفارتی مہم شروع کرنے کیلئے پارلیمانی وفد تشکیل دیا تھا۔بلاول بھٹو کی سربراہی میں تشکیل دیے گئے پارلیمانی وفد میں حنا ربانی کھر ، خرم دستگیر ، سینیٹرز شیری رحمان، مصدق ملک، فیصل سبزواری، بشریٰ انجم بٹ، سینئر سفیر جلیل عباس جیلانی اور تہمینہ جنجوعہ شامل ہیں۔پارلیمانی وفد امریکہ اور برطانیہ کا دورہ کرنے کے بعد ان دنوں بیلجیم کے دورے پر ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button