پاکستان

ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ، عالمی ریٹنگ ایجنسیاں معاشی استحکام کا اعتراف کر رہی ہیں ، وزیر خزانہ

اسلام آباد:
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور عالمی ریٹنگ ایجنسیاں پاکستان کے معاشی استحکام کااعتراف کر رہی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، وزیر توانائی اویس لغاری اور آئی ٹی کی وزیر شزہ فاطمہ کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسوں کے نظام، توانائی اور دیگر اہم شعبوں میں اصلاحات پرعمل درآمد کیا جارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے میکرو اکنامک استحکام حاصل کر لیا ہے اور اب ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے ذریعے پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کر ہے۔انہوںنے کہاکہ ہماری سمت درست ہے اور آئی ایم ایف کے سٹاف لیول معاہدے سے بھی معاشی استحکام کی توثیق ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے دوسرے جائزے کی کامیابی سے تکمیل اور اس کے بعد واشنگٹن میں سٹاف لیول ایگریمنٹ نے اس بات کی تصدیق کی کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ نئی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے سرمایہ کاروں کا اعتماد بہت ضروری ہے”جب تک ہمارے موجودہ سرمایہ کار مطمئن نہیں ہوتے، ہم مزید براہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے بارے میں بات نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔معاشی نظم و نسق کے اگلے مرحلے پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو اب تاریخی بوم اینڈ بسٹ سائیکلوں سے بچنے اور پائیدار اور جامع ترقی کی طرف جانب بڑھنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ انہوں نے چین، امریکہ اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے ساتھ مضبوط تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان اقتصادی استحکام اور سازگار جغرافیائی سیاسی صورتحال کے ایک منفرد سنگم پر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے حصول کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات ناگزیر ہیں۔چیئرمین ایف بی آرراشد محمود لنگڑیال نے اس موقع پر کہاکہ ایک سال میں جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکسوں کی شرح میں 1.49فیصد اضافہ ہوا ہے،جس کا سہرا حکومت کے سر ہے۔ انفورسمنٹ اور تعمیل کے اقدامات کے ذریعے محصولات کی وصولی میں اضافہ ہوا ہے، پورے خطے کے کسی بھی ملک میں ایک سال کے عرصہ میں اتنی نمایاں پیشرفت نہیں ہوئی ہے اور اس بات کوعالمی بنک نے بھی تسلیم کیا ہے۔ وزیرتوانائی اویس لغاری نے پاور ڈویژن میں اصلاحات کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 18ماہ کے دوران بجلی کی قیمتوں میں 10.5روپے کی کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے لیے 16 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے گردشی قرضے میں بھی کمی کی ہے، اگلے چھ سال میں صارفین پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر 1.2ٹریلین روپے کے گردشی قرضے کو ختم کرنے کا منصوبہ ہے۔وزیرآئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن لوگوں کو سہولت فراہم کرے گی، شفافیت کو یقینی بنائے گی اور وقت کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کو اب ادائیگی اور قوم کی منتقلی کے لیے قطاروں میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گااور لوگ اپنے لین دین کو چھپا نہیں سکیں گے۔مشیر برائے نجکاری محمد علی نے مختلف سرکاری ملکیتی اداروں کی نجکاری کے حوالے سے پیش رفت کے بارے میں بتایا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button