سید علی گیلانی کے انتقال سے تحریک آزادی کشمیر ایک عہدساز شخصیت سے محروم ہو گئی ہے: ماس موومنٹ
کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پرتحریک استقلال کا پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ
سرینگر 05 ستمبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں جموں و کشمیر ماس مومنٹ نے کہاہے کہ قائد تحریک سید علی گیلانی کے انتقال سے تحریک آزادی کشمیر ایک عہدساز شخصیت سے محروم ہو گئی ہے ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جموں وکشمیر ماس مومنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ہمت و استقامات کے پہاڑ سید علی گیلانی آخری سانس تک اپنے نظریہ آزادی پر قائم رہے اورانہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کو جدوجہد آزادی کی پاداش میں قابض بھارت نے جسمانی و ذہنی اذیتیں دیں لیکن وہ چٹان کی طرح اپنے موقف پر ڈٹے رہے اوراپنی آخری سانس تک کشمیریوں کے حق خود اردیت کےلئے جدوجہد کرتے رہے۔ انہوں نے کہا قابض حکام کی طرف سے بابائے حریت کے جنازے پر پابندیاں اور بندوق کی نوک پر میت کو قبضے میں لے کر رات کے اندھیرے میں دفنانا بھارت کے نام نہاد جمہوری چہرے پر بد نما داغ ہے۔انہوں نے کہاکہ اقوام عالم اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی اس پر خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سید علی شاہ گیلانی کو ایک عظیم رہنمااور قائد کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
دریں اثناءتحریک استقلال جموں وکشمیر کے وائس چیئرمین مشتاق احمد بٹ اور یوتھ ونگ کے رہنماﺅں نے ایک اجلاس میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے اور دکھ کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے پر پاکستانی حکومت ،تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیاہے۔ اجلاس میں مقررین نے کہا کہ ہم پاکستانی وزیراعظم عمران خان کا دل کی عمیق گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمارے محبوب اور ہر دلعزیز قائد شہید سید علی شاہ گیلانی کی شہادت پر ان کے احترام میں مملکت خدادا پاکستان کا عظیم پرچم ایک دن کے لیے سرنگوں رکھا اور پورے پاکستان میں ایک دن کے سوگ کا اعلان کیا۔مقررین نے پورے پاکستان میں حکومتی اور عوامی سطح پر غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کرنے پر تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ مملکتِ خدادا پاکستان نے ہر بار کی طرح ایک بار پھر یہ ثابت کر دکھایا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے تھے،ہیں اور رہیں گے جس پر کشمیری قوم پاکستان اور اس کے غیور عوام کی تہہ دل سے مشکور ہے۔