اقوام متحدہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل میں سہولت فراہم کرے
واشنگٹن06جنوری(کے ایم ایس)
ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم نے یوم حق خود ارادیت کے موقع پرغیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر اوردنیا بھرمیں مقیم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم نے واشنگٹن میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کیلئے کشمیریوں سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کرے ۔ 75سال سے زائد عرصے سے جموں و کشمیر کی شہری آبادی بشمول مرد، خواتین اور بچوںکوقابض بھارتی فورسز کی طرف سے منظم اوروحشیانہ ظلم وتشدد کا سامنا ہے۔مقبوضہ علاقے میں بڑھتے ہوئے ظلم و تشدد، جنسی حملوں اور غیر قانونی گرفتاریوںکو کشمیریوں کی آوازکو دبانے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ ورلڈ کشمیر اویئرنیس فورم نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام سے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے کیے گئے اپنے وعدے کو پورا کرے۔بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیاگیا ہے کہ وہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم رکوانے اور جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔