جموں: سرکاری ملازمین کو ڈرایا دھمکانا اور ان کی تذلیل ناقابل قبول ہے،ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی
جموں07 جنوری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی (ای جے اے سی) نے کچھ مفاد پرست عناصر کی طرف سے تدریسی برادری کو بدنام کرنے کے لیے شروع کی گئی بدنیتی پر مبنی مہم پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ای جے اے سی کے صدر اور جموں وکشمیر ٹیچرز فورم کے چیئرمین محمد رفیق راتھر نے جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین کو ڈرایا دھمکانا اور ان کی تذلیل ناقابل قبول ہے۔محمد رفیق راتھرنے جموں خطے اور وادی کشمیر کے ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سینئر رہنماﺅں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کمشنر،سیکرٹری سکول ایجوکیشن اور محکمہ کے دیگر افسران کے ساتھ محکمے کی طرف سے ملازمین کی حالیہ برطرفی کے احکامات کے بارے میں اپنی حالیہ ملاقات کی تفصیلات بیان کیں۔انہوں نے محکمہ تعلیم کے ملازمین کے مسائل بیان کیے اورتمام مسائل کے فوری حل پر زور دیا۔ای جے اے سی کے صدر نے کچھ مفاد پرستوں پر کڑی تنقید کی جنہوں نے بے بنیاد الزامات کی آڑ میں کشمیر کی تدریسی برادری کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم شروع کر رکھی ہے۔انہوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا کہ افسران نے کسی نہ کسی بہانے اساتذہ کو ڈرانا دھمکانااور ان کی تذلیل کرنا شروع کر دی ہے اور وہ اساتذہ کو ذاتی پسند و ناپسند کی بنیاد پر بھی ملازمت سے برطرف کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔