باغ، میر پور : یوم حق خودارادیت کے موقع پر حریت کانفرنس کے زیر اہتمام عظیم الشان ریلیاں نکالی گئیں

باغ(آزاد کشمیر):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے زیر اہتمام 5جنوری یومِ حق خودارادیت کے موقع پر ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی کا آغاز حیدری چوک سے ہوا جو پریس کلب باغ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت کنوینر کل جماعتی حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے کی۔ریلی میں آزاد کشمیر کی سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں، تاجران، سول سوسائٹی، طلبہ، مہاجرین و انصار اور عوام الناس نے بھرپور شرکت کی۔ شرکانے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم، اقوامِ متحدہ سے استصوابِ رائے کے مطالبات پر مبنی بینرز اور بھارتی مظالم کے خلاف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ فضا مسلسل ہم کیا چاہتے ہیں؟ آزادی اور رائے شماری ہمارا حق ہے جیسے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی ۔
Bagh (AJK): APHC organised a massive and peaceful rally on Right to Self-Determination Day echoed with united calls for freedom and a UN-mandated plebiscite for Kashmir. pic.twitter.com/PnPLTiPkKS
— KashmirMedia Service (@kmskashmirnews) January 5, 2026
باغ آزاد کشمیر کی فضا حقِ خودارادیت اور آزادی کے گونجتے نعروں سے معمور ہوگئی۔ اس موقع پرریلی پریس کلب باغ کے قریب پہنچ کر ایک پرجوش عوامی جلسے میں تبدیل ہو گئی جہاں مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی رہنماںئو نے خطاب کرتے ہوئے کشمیری عوام کے جذبات، احساسات اور جدوجہدِ آزادی کی بھرپور ترجمانی کی۔ غلام محمد صفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ باغ کی سیاسی، سماجی اور مذہبی قیادت، تاجران، سول سوسائٹی اور باشعور عوام نے یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر جس وحدت، نظم و ضبط اور شعور کا مظاہرہ کیا ہے وہ اقوامِ عالم اور بالخصوص اقوامِ متحدہ کیلئے واضح اور ناقابل تردید پیغام ہے کہ جموں کشمیر کے عوام اپنے حق خودارادیت سے کسی صورت دستبردار ہونے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے آزادی کے اس مقدس سفر میں لاکھوں قربانیاں دے کر تحریک آزادی کو اپنے لہو سے سینچا ہے ۔ غلام محمد صفی نے واضح کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نام نہاد ترقیاتی منصوبے، کشمیریوں کی پشتنی زمینوں پر قبضے، ریلوے لائنوں کی تعمیر اور جعلی انتخابات، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں میں درج حق رائے شماری کا ہرگز متبادل نہیں ہوسکتے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکریٹری جنرل ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ نے کہا کہ 5جنوری 1949 کی اقوامِ متحدہ کی قرارداد مسئلہ کشمیر کی مضبوط قانونی اور اخلاقی بنیاد ہے مگر بدقسمتی سے کشمیری عوام مسلسل اپنے حق خودارادیت سے محروم ہیں ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک اس دیرینہ تنازعے کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا جنوبی ایشیا میں عدم استحکام اور ایٹمی تصادم کا خطرہ بدستور منڈلاتا رہے گا۔سابق کنوینئر محمود احمد ساگر نے کہا کہ حق خودارادیت جموں و کشمیر کی تمام اکائیوںمسلمان، ہندو، سکھ اور بدھ اور دیگر کمیونٹیز کو مساوی طور پر یہ حق دیتا ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ آر پار کشمیریوں کا اتحاد ہی عالمی برادری کو کشمیری عوام کے موقف کی اخلاقی اور سیاسی تائید پر مجبور کرسکتا ہے۔مسلم لیگ (ن)آزاد کشمیر کے رہنما سردار میر اکبر، خواجہ شبیر شمیم ، پی پی پی کے رہنما اعجاز بیگ ، مولانا عتیق احمد نقشبندی ، ڈپٹی کمشنر راجہ صداقت،سردار طاہر اکبر ، قاضی ساجد چغتائی ، سردار آصف ، مسعود بیگ ، ملک آفتاب اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور کشمیریوں کو ان کی لازوال جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بدترین انسانی حقوق کی پامالیوں اور مظالم کا فوری نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا موثر کردار ادا کرے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماں شیخ محمد یعقوب، راجہ خادم حسین شاہین، شیخ عبدالماجد، زاہد اشرف، محمد اشرف ڈار، زاہد صفی اور عبدالمجید میر نے ریلی اور جلسے کے انتظامات انجام دئے ۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ کے زیراہتمام میرپور آزاد کشمیر میں حق خودارادیت ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت حریت رہنما سید یوسف نسیم ،قاضی عمران ،ایڈووکیٹ محمود اختر قریشی، چوہدری شاہین اقبال ،عبدالرشید بٹ،چوہدری گل بہار اوردیگر نے کی ۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہاکہ 5جنوری 1949کا دن ریاست جموں کشمیر کا تاریخی دن ہے ۔اس دن بھارت نے اقوام متحدہ میں ریاست جموں کشمیر کے عوام کو انکا حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیاتھا ۔تاہم سات دہائیوں سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد بھی کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق سے مسلسل محروم ہیں ۔








