مودی حکومت کے انتہا پسندانہ ایجنڈے سے خطے کے امن کو حقیقی خطرہ لاحق ہے، وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد10جنوری (کے ایم ایس)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت میں ہندو توا گروپ تمام مذہبی اقلتوں کو بلا تخصیص نشانہ بنا رہے ہیں، بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کا انتہا پسندانہ ایجنڈا جس پر مودی حکومت عمل پیرا ہے ، سے خطے کے امن کو حقیقی خطرہ لاحق ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمران خان نے پیر کو اپنے متعدد ٹویٹس میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے انتہا پسندانہ نظریات پر عمل پیرا مودی حکو مت میں ہندو توا گروپ تمام مذہبی اقلتوں کو بلا تخصیص نشانہ بنا رہے ہیں اور انہیں ان کارروائیوں پر سزا سے مکمل استثنا حاصل ہے۔ مودی حکومت کا انتہاپسندانہ ایجنڈا خطے کے امن کے لئے حقیقی خطرہ ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص 20 کروڑ مسلمانوں کی نسل کشی کے حوالے سے دسمبر میں ایک انتہا پسندہندوتوا کانفرنس میں کی گئی اپیل جس پر تاحال مودی سرکار نے مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کی مسلسل خاموشی اس سوال کو جنم دیتی ہے کہ کیا بی جے پی حکومت اس اپیل کی حمایت کرتی ہے؟۔انہوں نے مزید کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ عالمی برادری اس کا نوٹس لے اور کارروائی کرے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی مودی سرکار کے شدت پسندانہ نظریے کے سائے میں ہندوتوا جتھے پوری ڈھٹائی اور آزادی سے بھارت میں تمام مذہبی اقلیتوں خصوصا مسلمانوں پر حملہ آور ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا کہ مودی سرکار کے یہ شدت پسندانہ عزائم ہمارے علاقائی امن کیلئے ایک جیتا جاگتا اورحقیقی خطرہ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ انتہا پسند ہندوئوں کے اجتماع میں شرکا کو مسلمانوںکی نسل کشیُ پر اکساتے ہوئے کہا گیاتھا چند سو سرپھرے ہندو 20کروڑ مسلمانوں کے قتل عام کے لیے کافی ہیں اور اس کے لیے آپ کو کسی سے خوف زدہ ہونے کی بھی ضرورت نہیں۔