جموں : بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ ، پری پیڈ میٹر نظام کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

جموں: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ”مشن سٹیٹ ہڈ جموں کشمیر ”کے کارکنوں نے جموں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پری پیڈ میٹر نظام کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں شہر کے قریب ہونے والے مظاہرے کی قیادت مشن سٹیٹ ہڈ کے صدر سنیل ڈمپل نے کی۔ مظاہرین نے پری پیڈ میٹرنگ سسٹم کے خلاف نعرے لگائے اور بجلی کی مسلسل بندش کی مذمت کی۔ سنیل نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے کے رہائشیوں کے لیے 200 یونٹ مفت بجلی کا مطالبہ کیا اور علاقے میں سلال، اوڑی اور رٹل ہائیڈل پاور پروجیکٹس کا انتظام و انصرام کشمیریوں کے ہاتھ میں دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے ان منصوبوں سے بھارتی ریاستوں کو بجلی فراہم کی جاتی ہے لیکن کشمیریوں کو رائلٹی سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے جو شدید ناانصافی ہے۔
ڈمپل نے خبردار کیا کہ اگر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری طور پر خاتمہ نہیں کیا گیا تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج شروع کریں گے۔مظاہرے میں دیو راج، رام کمار داس، مکیش گپتا، وپن گپتا، راکیش شرما، وکی گپتا، برامو شرما، اکبر خان، محمد شفیع، نذیر خان، سدرشن شرما سمیت بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے۔KMS-05/M
مقبوضہ جموںوکشمیر : ژالہ باری، تیز ہوائوں کے باعث باغات ، فصلوں کو شدید نقصان
سرینگر 13مئی ( کے ایم ایس ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میںژالہ باری اور تیز ہوائوں نے باغات اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے جس سے کاشتکاروں کو بھاری نقصان کا سامنا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی کشمیرکے کپواڑہ، بانڈی پورہ اور بارہمولہ اضلاع میں سیب کے درختوں،اور سبزیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ کاشتکاروں نے بتایا کہ اولوں نے چند منٹوں میں فصلیں تباہ کر کے رکھ دیں۔جموں خطہ کے سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں بھی تیز ہواں نے درخت اور بجلی کے کھمبے اکھاڑ دیے، مکانات، شیڈ، فوبائل فون ٹاورز اور سولر پینلز کو شید نقصان پہنچایا جبکہ آم کا پچاس فیصد پھل تباہ ہو گیا۔
کسانوں اور رہائشیوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ نقصانات کا جائزہ لیں اور معاوضہ فراہم کریں۔ کاشتکاروں نے کہا کہ حکام نقصانات کا تخمینہ لگانے میں اکثر تاخیرکرتے ہیں جس کی وجہ سے معاوضے کی بروقت ادائیگی نہیں ہو پاتی۔






