مودی کی ناکام سفارتکاری کے باعث آبنائے ہرمز پر 18بھارتی جہاز محصور
بھارت میں توانائی بحران شدت اختیار کر گیا
نئی دلی:
مودی حکومت کی ناکام سفارتکاری اور دوغلی پالیسیوں کی بدولت بھارت میں توانائی بحران شدت اختیا ر کر گیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی حکام نے بھارت کو ایندھن ترسیل کرنے والے 10غیر ملکی پرچم والے جہازوں کے خلیج فارس میں پھنسنے کی تصدیق کر دی ہے ۔ بھارتی نشریاتی ادارہ این ڈی ٹی وی کے مطابق ایل پی جی، خام تیل اور ایل این جی کے 18بھارتی پرچم بردار جہاز بھی آبنائے ہرمز میں محصور ہیں۔این ڈی ٹی وی کا کہنا ہے کہ جنگ سے متاثرہ علاقہ محض آبنائے ہرمز تک محدود نہیں بلکہ اس سے باہر کے علاقے بھی ہائی رسک ایریا میں شامل ہیں۔ ایرانی حکام نے واضح کر دیا ہے کہ صرف برادر ممالک کے جہاز ایرانی حکام کے ساتھ ہم آہنگی کے بعد آبنائے ہرمز سے گزر سکتے ہیں۔عالمی ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ کی جنگ کے باعث آبنائے ہرمز جیسا اہم تجارتی راستہ مفلوج ہونے سے بھارت میں ایندھن خصوصا ایل پی جی کی قلت شدت اختیار کر چکی ہے۔ مودی کی اسرائیل نواز پالیسی اور ناقص منصوبہ بندی نے بھارت کو شدید ترین توانائی بحران کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔






