بھارت اگلے تین سال میں آزاد کشمیر پر قبضہ کر لے گا: بی جے پی رہنما
نئی دہلی06مارچ(کے ایم ایس )بالاکوٹ میں بھارتی فضائی کے 26فروری 2019کے حملوں کے بعدپاکستانی فضائیہ کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست سے کوئی سبق نہ سیکھتے ہوئے ہریانہ کے وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما کمل گپتا ہندوتوا بھارتی حکومت کے اس منتر میں شامل ہوگیا ہے کہ بھارت اگلے تین سال میں آزاد کشمیر پر حملہ کر کے اس پر قبضہ کر لے گا۔
روہتک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمل گپتا نے کہاکہ ہم نے رام مندر کی تعمیر کی راہ ہموار کی، ہم نے دفعہ 370کو منسوخ کیا۔ آج پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے مظفرآباد اور دیگر علاقوں میں احتجاج ہو رہا ہے۔ وہ مقامات جو بھارت کے ساتھ انضمام چاہتے ہیں۔ہم 2014سے پہلے مضبوط نہیں تھے لیکن اب ہم مضبوط ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے کشمیرمیں ہماری سرزمین پر قبضہ کر لیا ہے،اگلے دو تین سال میں کسی بھی لمحے پاکستان کا زیر قبضہ کشمیر بھارت کا حصہ بن جائے گا اور یہ صرف وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہوگا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ روہتک میں بی جے پی لیڈر نے راہول گاندھی سمیت اپوزیشن رہنمائوں پر شدید تنقید کی جنہوں نے بالاکوٹ میں بھارت کی طرف سے کئے گئے فضائی حملے کا ثبوت مانگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران پرتھوی راج چوہان کو جے چند جیسے غداروں کی وجہ سے شکست ہوئی اور اب ایسے ہی جے چند ہوائی حملے کے ثبوت مانگ رہے ہیں۔