مقبوضہ جموں و کشمیر

پروفیسر بٹ کا تنازعہ کشمیر کے پر امن مذاکرات کے ذریعے حل پر زور

سرینگر14 جنوری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ نے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات پر زور دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پروفیسر عبدالغنی بٹ سوپور میں ایک تعزیتی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جہاں وہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمازاہد صفی کے بھانجے ڈاکٹر محمد راشد کے انتقال پر اظہارتعزیت کیلئے گئے تھے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال میں خطے میں امن کو ایک موقع دیاجانا چاہیے ۔ تاہم انہوں نے کہاکہ حل طلب تنازعات کی موجودگی میں یہ مقصد کبھی حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ دیرینہ تنازعہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بہتری میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ پروفیسر عبدالغنی بٹ نے کہا کہ چین کی موجودگی نے خطے کا منظر نامہ تبدیل کر دیا ہے اور اب اس تنازعہ میں تین ایٹمی طاقتیں براہ راست ملوث ہیں اورکسی بھی وقت خطے میں تباہی پھیل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کو تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ جلد از جلد مذاکراتی عمل شروع کرنا چاہیے ۔ پروفیسر بٹ نے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں غلام محمد صفی اور زاہد صفی سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی اور ان سے ڈاکٹر محمد راشد کے انتقال پراظہار تعزیت کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button