ہریانہ میں کشمیر جانے والی بس پر پتھراو، مسافروں میں خوف و ہراس
سرینگر : بھارت میں کشمیریوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت اور دشمنی کی عکاسی کرنے والے ایک اور واقعے میں مقبوضہ جموں و کشمیر جانے والی ایک مسافر بس پر بی جے پی کے زیر اقتدار ریاست ہریانہ میں پتھراو کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر میں قائم اسٹار ورلڈ وینچرز کی اس بس میں دہلی سے سرینگر جانے والے تقریباً 40 مسافر سوار تھے۔ ہریانہ میں نامعلوم افراد نے بس کو نشانہ بنایا۔
بس ڈیوائن اسٹار ڈھابے پر رکی ہوئی تھی کہ نامعلوم افراد کے ایک گروہ نے کشمیری ڈرائیور کو گالیاں دیں اور گاڑی پر پتھراو کیا۔ اس کے نتیجے میں بس کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کشمیری مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اسٹار ورلڈ وینچرز نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بس دہلی سے سرینگر جا رہی تھی جب اس پر حملہ کیا گیا۔
یہ واقعہ ایک بار پھر بھارت میں کشمیریوں کے لیے غیر محفوظ ماحول اور ان کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت کی عکاسی کرتا ہے۔ مقبوضہ علاقے سے باہر سفر کرنے، تعلیم حاصل کرنے اور کام کرنے والے کشمیریوں کو ہندوتوا عناصر کی جانب سے ہراسانی، دھمکیوں اور جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس نوعیت کے بار بار ہونے والے حملوں کے باوجود بھارتی حکام کشمیری مسافروں اور ٹرانسپورٹ آپریٹرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کرنے میں ناکام رہے ہیں، جس سے کشمیری عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔








