مودی حکومت نے سی جے پی رہنما سوربھ داس کو آکسفورڈ یونین سے خطاب کیلئے برطانیہ جانے سے روک دیا
نئی دہلی:بھارت میں کاکروچ جنتا پارٹی کے شریک کنوینر سوربھ داس کو دہلی ایئرپورٹ پر لندن جانے سے روک دیا گیاہے۔ انہیں آکسفورڈ یونیورسٹی کی دعوت پر آکسفورڈ یونین سے خطاب کرنا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سوربھ داس نے کہاہے کہ پیر کو اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انہیں مطلع کیا کہ ان کا پاسپورٹ روک دیا گیا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ مودی حکومت نے انہیں آکسفورڈ یونیورسٹی میں لیکچر دینے کے لیے لندن جانے سے روک دیا۔ ان کی پرواز رات 1 بجے روانہ ہونی تھی، اور انہیں امیگریشن کائونٹر پر پہنچنے پر معلوم ہوا کہ ان کا پاسپورٹ فلیگ کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آکسفورڈ میں زیر تعلیم بھارتی طلبہ نے انہیں بھارت میں جاری نوجوانوں کی تحریک پر گفتگو کے لیے مدعو کیا تھا۔ آکسفورڈ، کیمبرج، لندن اسکول آف اکنامکس اور ایڈنبرا یونیورسٹی نے بھی انہیں خطاب کی دعوت دی تھی۔
سوربھ داس نے کہا کہ مودی حکومت تعلیم یافتہ نوجوانوں اور فکری مباحثے سے خوفزدہ ہے۔ ان کے مطابق، پابندیوں کا مقصد نوجوانوں کی آواز دبانا اور تعلیم و حقوق پر گفتگو روکنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی پابندیاں نوجوانوں کو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے سے نہیں روک سکتیں۔ انہوں نے ملک میں اسکولوں کی خراب حالت اور عوامی کتب خانوں کی کمی پر بھی تنقید کی۔
کاکروچ جنتا پارٹی نے سورو داس کو بیرون ملک جانے سے روکنے کی مذمت کی۔پارٹی نے ایکس پر کہا کہ مودی حکومت تعلیم یافتہ آوازوں سے خوفزدہ ہے۔ وہ عالمی سطح پر بھارت کی نمائندگی کرنے والوں کو بھی روک رہی ہے۔سی جے پی کے بانی اور قومی کنوینر ابھیجیت دپکے نے بھی اس اقدام پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر سوربھ داس نے بینک لوٹا ہوتا یا دھوکہ دہی میں ملوث ہوتا تو حکومت انہیں لندن جانیکی اجازت دے دیتی۔
داس، دپکے اور پارٹی کے شریک کنوینر اشوتوش رانکا انتخابی فہرستوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف احتجاجی مہم میں پیش پیش رہے ہیں۔13 اکتوبر کو سوربھ داس اور رانکا کو جنتر منتر کے احتجاجی مقام میں داخل ہونے اور بھارتی پرچم لہرانے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ خصوصی نظرثانی کے دوران انتخابی فہرستوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔







