امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی کی بھارت میں مذہبی اقلیتوں سے امتیازی سلوک پر اظہار تشویش
مسلمانوں کے نام ووٹر فہرستوں سے خارج اورانہیں غیر ملکی قرار دیکر ملک بد ر کیا جارہاہے
واشنگٹن :امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی نے بھارت میں ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کے دوران اقلیتوں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چیئرپرسن امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی محمود احمد نے ایک بیان میں کہاہے کہ مودی کی بھارتی حکومت مسلمانوں کے نام ووٹر فہرستوں سے خارج کرکے انہیں غیر ملکی قرار دے کر ملک بدر کر رہی ہے۔ کمیشن کے کمشنر جین ملز نے مذہبی بنیادوں پر اقلیتوں کی بے دخلی پرمودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بھارت کو تشویش ناک ملک قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی جریدہ دی آبزرور پوسٹ کے مطابق بھارت میں مسلمانوں کو مذہبی شناخت کی بنیاد پر ملک بدری کا نشانہ بنانا اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
یو ایس سی آئی آر ایف نے اقلیتوں پر تشدد روکنے میں ناکامی پر بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ہندوانتہا پسند تنظیم آر ایس ایس پر پابندیوں کا مطالبہ کیاہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں مودی کی ہندوتوا حکومت کے دور میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون ”یو اے پی اے ”کے تحت مذہبی اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں ،انہیں ہراساں کرنے اور انکی املاک اور عبادگاہیں منہدم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔







