مقبوضہ کشمیر : ”وندے ماترم “ تنازعہ ،پولیس نے مولانا قاسمی کو طلب کر لیا
میر واعظ ،آغا روح اللہ ، مفتی شمائل ، محبوبہ مفتی کا مولانا کی تھانے میں طلبی پر اظہار تشویش
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں وقف بورڈ کی طرف سے سرینگر میںمنعقدہ ایک تقریب میں ‘وندے ماترم’ بجائے جانے پر تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ ترانہ بجائے جانے کی مخالفت پر بھارتی پولیس نے معروف عالم دین مولانا رحمت اللہ قاسمی کو طلب کر لیا ہے جس پر علماءاور سیاسی رہنماﺅں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے ”ایکس “ پر اپنے ایک بیان میں عالم دین اور متحدہ مجلسِ علما کے سرپرست، مولانا رحمت اللہ قاسمی کی تھانے میں طلبی پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ کیا اب کشمیری عوام کو اپنے مذہبی عقائد اور جذبات کے بارے میں خدشات ظاہر کرنے کی بھی آزادی نہیں ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ عقیدے کے معاملات میں جبر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
سابق رکن بھارتی پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی نے مولانا قاسمی کو طلب کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ‘قابلِ افسوس’ قرار دیا ہے اور جموں و کشمیر پولیس سے اس تفتیش کی قانونی بنیاد کے بارے میں وضاحت طلب کی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں روح اللہ نے کہا کہ اس مذہبی عالم کے خلاف یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب ‘متحدہ مجلسِ علمائ”ایم ایم یو“ نے وقف بورڈ کی تقریب میں ‘وندے ماترم’ شامل کیے جانے پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔
روح اللہ نے کہا کہ مولانا قاسمی کے قد کاٹھ کے حامل ایک معزز مذہبی مبلغ کو ہراساں کرنا حد پار کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ واضح کرے کہ کس قانون کے تحت یہ تفتیش کی گئی ہے۔
دریں اثناعالم دین مفتی شمائل ندوی نے بھی مولانا قاسمی کی حمایت کی اور ان کے اس موقف کو سراہا جس میں انہوں نے کچھ مذہبی علماءکی جانب سے ‘وندے ماترم’ کو معمول بنانے اور اسے لازمی قرار دینے کی وکالت کرنے کی کوششوں کے خلاف آواز اٹھائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ علماءکو اسلامی عقائد اور مسلمانوں کے اپنے مذہب پر آزادانہ عمل کرنے کے حق کا دفاع کرنا چاہیے۔
انہوں نے اسلامی اصول ‘توحید’ (یعنی اللہ کی وحدانیت) کی اہمیت پر زور دیا اور مسلمانوں سے کہا کہ وہ اپنے مذہبی عقائد کے تحفظ کے لیے چوکس رہیں۔ انہوں نے ان علما پر بھی تنقید کی جن پر انہوں نے سیاسی مصلحتوں یا عملیت پسندی کے نام پر مذہبی اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کا الزام لگایا۔
یہ تنازعہ 23 نومبر کو اس وقت شروع ہوا جب سری نگر میں یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں جموں و کشمیر وقف بورڈ کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب کے دوران ‘وندے ماترم’ بجایا گیا۔
پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی نے مولانا کی طلبی کو اختلافِ رائے کا اظہار کرنے والی مذہبی آوازوں کو ڈرانے دھمکانے کی ایک کوشش قرار دیا۔ انہوں نے سوال کیا،کیا اب اختلافِ رائے کا اظہار کرنا کوئی جرم ہے؟ کیا ضمیر اور اظہارِ رائے کی آزادی، اقتدار میں بیٹھے لوگوں سے اتفاق کرنے کی شرط سے مشروط ہو گئی ہے؟ انہوں نے کہا کہ قاسمی صاحب جیسے قد آور اور معمر عالمِ دین اپنے خیالات کے اظہار پر ہراساں کیے جانے کے بجائے، احترام اور وقار کے مستحق ہیں۔
وندے ماترم بجائے جانے پر مقبوضہ علاقے میں قائم مختلف دینی جماعتوں کے اتحاد ”متحدہ مجلس علمائ“ (ایم ایم یو) کی جانب سے بھی سخت ردعمل سامنے آیاہے ۔مقبوضہ علاقے کے مفتی اعظم مفتی ناصر اسلام نے بھی اپنے ایک بیان میںوندے ماترم کو اسلامی تعلیمات کے یکسر منافی قرار دیا۔
اس تقریب کا اہتمام بی جے پی کی بھارتی حکومت کی طرف سے مقررہ کردہ وقف بورڈ کی چیئرپرسن درخشاں اندرابی نے کیا تھا اور اس میں بھارت کے وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو بھی شریک تھے۔ اس موقع پر کئی سیاسی رہنما اور مذہبی شخصیات بھی موجود تھیں۔
بعد ازاں سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز گردش کرنے لگیں جن میں کئی مسلمان علماءکو اس گیت (ترانے) کے پیش کیے جانے کے دوران کھڑے دیکھا جا سکتا تھا، جس پر کئی علماء کی جانب سے تنقید کی گئی۔ تقریب میں شریک علماءکے ایک گروپ نے 25 نومبر کو، ویڈیو بیان جاری کر کے اپنی شرکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے اس عمل پر اللہ سے معافی مانگ لی ہے۔









