بھارت

بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم بے نقاب

بی جے پی رہنما کی 16 دسمبر تک بنگلہ دیش پر قبضے کی دھمکی

نئی دہلی/ڈھاکہ : بھارت کی حکمراں جماعت ہندوتوا بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے سیاست دان ارجن سنگھ کی بنگلہ دیش کو اشتعال انگیز دھمکی نے مودی سرکار کے مبینہ توسیع پسندانہ عزائم اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے مذموم منصوبوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی نشریاتی ادارے ”ریپبلک”کی رپورٹ کے مطابق بی جے پی رہنما ارجن سنگھ نے انتہا پسندانہ رویہ اپناتے ہوئے 16 دسمبر تک بنگلہ دیش پر قبضہ کرنے اور وہاں ہندوئوں کے مبینہ قتل کا بدلہ لینے کی کھلی دھمکی دی ہے۔ اسی طرح بھارتی میڈیا ”انڈیا ٹوڈے”کے مطابق ارجن سنگھ نے اپنے اشتعال انگیز بیان میں کہا کہ بس بہت ہو گیا، بنگلہ دیش کے لیے اب کوئی بہانہ باقی نہیں رہا۔
سیاسی و دفاعی مبصرین کے مطابق اس معاملے کا سب سے تشویشناک پہلو یہ ہے کہ بھارت میں پناہ گزین بنگلہ دیش کی مفرور سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ نے بھی ڈھاکہ واپسی کے لیے 16 دسمبر ہی کی تاریخ کا اعلان کر رکھا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ کی واپسی کے اعلان اور بی جے پی رہنما کی جانب سے قبضے کی دھمکی کے لیے ایک ہی تاریخ کا انتخاب کسی گہری سازش اور باہمی گٹھ جوڑ کی نشاندہی کرتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پندرہ برس تک شیخ حسینہ کی حکومت کے ذریعے بنگلہ دیش کے معاملات پر اثر انداز رہنے والا بھارت اب عوامی تحریک کے نتیجے میں اپنی حامی حکومت کے خاتمے پر شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ جمہوری اور عوامی سطح پر اپنا اثر و رسوخ کھونے کے بعد اب انتہا پسند اکھنڈ بھارت کے ایجنڈے کے تحت طاقت کے زور پر پڑوسی ملک کی خودمختاری کو چیلنج کیا جا رہا ہے۔ مبصرین کے بقول 16دسمبر کی تاریخ کا انتخاب اس تاریخی حقیقت کی بھی تصدیق کرتا ہے کہ 1971کے واقعات کے پیچھے بھارتی ملوث تھا، جس کا اعتراف خود بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی 2015میں ڈھاکہ کے دورے کے دوران کر چکے ہیں۔
مبصرین نے اس صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے ملک کے اندر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق پامال کرنے والی بھارتی حکومت کے پاس ہمسایہ ممالک کو اقلیتوں کے نام پر دھمکانے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے۔ بنگلہ دیش کی سلامتی اور خودمختاری کے خلاف کھلی دھمکیوں نے واضح کر دیا ہے کہ نئی دہلی کی جارحانہ پالیسیاں جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن چکی ہیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button