سرینگر : نمازِ جمعہ سے قبل میرواعظ عمر فاروق گھر میں نظر بند
قابض انتظامیہ نے سینئر حریت رہنما کو خطبہ جمعہ دینے سے روک دیا
سرینگر : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض انتظامیہ نے ایک بار پھر نمازِ جمعہ سے قبل کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کر کے انہیں تاریخی جامع مسجد سرینگر میں خطبہ دینے سے روک دیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر کے علاقے نگین میں واقع میرواعظ عمر فاروق کی رہائش گاہ کے باہر پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ ان کی نقل و حرکت محدود کرنے اور انہیں جامع مسجد کی جانب جانے سے روکنے کے لیے رکاوٹیں بھی کھڑی کی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ پابندیاں نئی دہلی کے مقرر کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے احکامات پر عائد کی گئی ہیں۔
میرواعظ عمر فاروق اور ان کے دفتر نے جمعہ کے روز اور اہم مذہبی مواقع پر عائد کی جانے والی ان پابندیوں کوان کی مذہبی اور عوامی ذمہ داریوں میں جبری مداخلت قرار دیا ہے۔ان مسلسل پابندیوں کے نتیجے میں میر واعظ عمر فاروق جامع مسجد میں نماز جمعہ کا خطبہ دینے سے قاصر ہیں، جو میں وہ مذہبی، سماجی و عصری مسائل کو اجاگر کرتے ہیں۔
میرواعظ عمر فاروق پر جاری پابندیوں نے مذہبی آزادی، پرامن اجتماع اور مذہبی رہنمائوں کی جانب سے بغیر کسی انتظامی مداخلت کے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے حق کے حوالے سے شدید خدشات کو جنم دیا ہے۔ بار بار کی جانے والی نظر بندیاں مقبوضہ علاقے میں حالات معمول پر آنے کے سرکاری دعوئوں کی بھی نفی کرتی ہیں، جہاں سیاسی اور مذہبی سرگرمیوں پر پابندیوں کی اطلاعات بدستور سامنے آ رہی ہیں۔
میرواعظ کے دفتر کی طرف سے جاری ایک بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ میرواعظ عمر فاروق کو نمازِ جمعہ سے قبل گھر میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ میرواعظ کونماز جمعہ اور دیگر اہم مذہبی مواقع پر بار بار ان کی رہائش گاہ تک محدود کر دیا جاتا ہے، جس سے انہیں اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی اور تاریخی جامع مسجد میں خطبہ دینے سے روکا جا رہا ہے۔ان مسلسل پابندیوں نے نمازیوں کو ان کے باقاعدہ خطباتِ جمعہ سے محروم کر دیا ہے اور جموں و کشمیر میں مذہبی و شہری آزادیوں کے استعمال سے متعلق تحفظات کو مزید اجاگر کیا ہے۔
ادھر میرواعظ عمر فارو ق نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں اپنی گھر میں نظربندی پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ان پابندیوں کا پہلے ہی اندازہ تھا، جو ماحولیاتی لحاظ سے حساس شیش ناگ جھیل میں بھاری مشینر ی کے استعمال پر بڑے پیمانے پر عوامی خدشات کے بعد ان کے حالیہ بیانات کے بعد عائد کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب یہ ایک معمول بن گیا ہے کہ جب بھی وہ جموں و کشمیر کے عوام سے متعلق مسائل اٹھاتے ہیں، تو انہیں اس سے اگلے جمعہ کو جامع مسجد جانے سے روک دیا جاتا ہے۔میرواعظ نے بھارتی حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ ان پر پابندیاں عائد کرنے کے بجائے کشمیری عوام کودرپیش مسائل کی حساسیت کو سمجھیں۔
انہوں نے ممتاز اسلامی عالم اور متحدہ مجلسِ علما کے سرپرست، مولانا رحمت اللہ قاسمی کی پولیس اسٹیشن طلبی پر بھی شدید افسوس کا اظہار کیا۔یہ سوال اٹھاتے ہوئے کہ کیا اب کشمیری عوام کو اپنے مذہبی عقائد اور جذبات کے بارے میں خدشات ظاہر کرنے کی بھی آزادی نہیں ہے میرواعظ نے کہا کہ عقیدے کے معاملات میں جبر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔






