بھارتی ناظم الامور کی وزارت خارجہ طلبی ،کرناٹک میں مسلم طالبات کے حجاب پر پابندی کی مذمت
اسلام آباد 10فروری( کے ایم ایس)
اسلام آباد میں بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے کرناٹک میں مسلمان طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی کے انتہائی قابل مذمت اقدام پر پاکستان کی گہری تشویش اور مذمت سے آگاہ کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاہے کہ پاکستان نے بھارتی ریاست کرناٹک میں مسلم طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی لگانے کے بہیمانہ اقدام پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ناظم الامور سے کہا گیا ہے کہ وہ بھارتی حکومت کو کرناٹک میں راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ اور بھارتیہ جنتاپارٹی کے گٹھ جوڑ سے حجاب کے خلاف چلائی جانے والی مہم پر پاکستان کی شدید تشویش سے آگاہ کریں جو اس کے اقلیتوں کو علیحدہ کرنے اور اکثریتی ایجنڈے کا حصہ ہے اور جس کا مقصد مسلم خواتین کے ساتھ غیرانسانی سلوک اورانہیں بدنام کرناہے۔ ترجمان نے کہاکہ بھارتی سفارتکارکوپاکستان کی اس گہری تشویش سے بھی آگاہ کیاگیا کہ دہلی کے خوفناک مسلم کش فسادات کے تقریبا دوبرس بعدبھی مسلمانوں کے خلاف مذہبی عدم رواداری، نارواسلوک،بدنام کرنے اورمتعصبانہ طرزعمل کاسلسلہ بلاروک ٹوک جاری ہے۔