نیپال: یورینیم نما مادہ رکھنے کے الزام میں 2 بھارتیوں سمیت 8 گرفتار
کھٹمنڈو 16 فروری (کے ایم ایس)کھٹمنڈو میں یورینیم نما مادہ رکھنے کے الزام میں آٹھ افراد کو گرفتارکر لیا گیا ہے جن میں دو بھارتی بھی شامل ہیں۔پولیس کہا کہنا ہے کہ اس مادے کو نیپال میں غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کے لیے بھارت سے لایا گیا تھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیپال پولیس نے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس افسران کی ایک ٹیم نے کھٹمنڈو کے مضافات بدھا میں ایک فائیو سٹار ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی ایک کار سے یہ مادے برآمد کرنے کے بعد آٹھ افراد کو گرفتار کیا۔ پولیس نے بتایا کہ دو بھارتیوں کی شناخت اوپیندر کمار مشرا اور راجو ٹھاکر کے طور پر ہوئی ہے اور یہ دونوں بہار کے رہنے والے ہیں جب کہ چھ دیگر نیپال کے شہری ہیں۔یہ گرفتاریاں اس وقت کی گئیں جب وہ یہ قیمتی مادہ 350ملین روپے فی کلو فروخت کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔پولیس نے بھوپیندر اور نوراج کو کھڑی کار سے گرفتار کیا جس میں یہ مادہ چھپایا گیا تھا اور ان کی طرف سے دی گئی معلومات کی بنیاد پر چھ دیگر کو گرفتار کیا گیا۔پولیس نے ان کے پاس سے نو موبائل فون بھی ضبط کیے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس مارچ میں چار نیپالی شہریوں کو 2.5 کلو گرام غیر پروسیس شدہ یورینیم رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتار ہونے والوں میں سے ایک نے کہا تھا کہ اس یورینیم کو اسکا سسر بھارت سے لایا تھا جہاں اس نے تقریباً 20 سال قبل یورینیم کی کان میں کام کیا تھا۔