خطے میں پائیدار امن اورخوشحالی کے لئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے: پروفیسر بٹ
سرینگر17جولائی(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ نے کہاہے کہ خطے میں پائیدار امن اورخوشحالی کے لئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پروفیسر عبدالغنی بٹ بزرگ آزادی پسند کارکن غلام رسول مہرو کے انتقال پران کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کے لئے سوپور میںان کے گھر گئے ۔ انہوں نے تحریک آزادی میں غلام رسول مہرو کے کردارکی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسے سیاسی کارکنوں اور جموں و کشمیر کے عوام کی قربانیوں کی بدولت تنازعہ کشمیر کواہمیت حاصل ہوئی ہے اورآج یہ تنازعہ پوری دنیا میںمرکز نگاہ بن چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے تنازعہ کشمیر کا پائیدار حل ناگزیر ہے۔ پروفیسر بٹ نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان تنازعہ جموں وکشمیر پر دشمنی کی وجہ سے دنیا کی ان اقوام سے پیچھے رہ گئے ہیں جنہوں نے ان کے بعد آزادی حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں کودشمنی کے بجائے امن کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں تاکہ خطے میں پائیدا ر امن قائم ہو سکے۔حریت رہنما نے کہاکہ اس کے لیے انہیں اپنے اختلافات کو کم کرنے کے لئے مذاکراتی عمل شروع کرنا ہوگا اور طویل عرصے سے زیر التوا تنازعہ جموں و کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ہوگا۔بعد میں انہوں نے مرحوم کے لئے فاتحہ خوانی کی اور تمام شہدائے کشمیر کے لیے دعا کی۔