شیخ تجمل الاسلام کی” رسم قل “ بلال مسجد پولیس فاﺅنڈیشن اسلام آباد میں ادا کی گئی
اسلام آباد 07 ستمبر (کے ایم ایس)معروف صحافی اور کشمیر میڈیا سروس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرشیخ تجمل الاسلام کی” رسم قل “آج بلال مسجد پولیس فاﺅنڈیشن اسلام آباد میں ادا کی گئی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے رہنماﺅں ، کشمیری کمیونٹی کے ارکان، سیاسی شخصیات، صحافیوں اور وکلاءسمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعدادنے قرآن خوانی میں شرکت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔انہوں نے اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ مرحوم کو جنت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اورلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ اس موقع پر آزاد جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان اور حریت رہنماو¿ں محمد فاروق رحمانی، غلام محمد صفی اور الطاف احمد بٹ سمیت مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کاز کے لئے شیخ تجمل الاسلام کی خدمات اورقربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ شیخ تجمل الاسلام اتوار کی رات کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسلام آباد میں مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ انہیں گزشتہ روز پولیس فاﺅنڈیشن اسلام آباد کے قبرستان میں سپردخاک کیاگیا۔