بھارت :راجستھان میں اسلام پور کا نام تبدیل کرکے شری رام پور رکھنے کی کوشش
جے پور:
بھارتی ریاست راجستھان میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رکن اسمبلی نے ضلع جھن جھنو کے علاقے اسلام پور کا نام تبدیل کرکے”شری رام پور“رکھنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ علاقے کے لوگوں نے اس کی شدیدمخالفت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسلام پور کے باشندوں نے نام کی مجوزہ تبدیلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ضلع جھن جھنو کے کلکٹر کو ایک یادداشت پیش کی ۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ نے29 مئی کو ضلع جھن جھنو کے کلکٹر کو ایک خط بھیج کر اس سلسلے میں رائے طلب کی۔ یہ خط بی جے پی کے رکن اسمبلی راجیندر بھامبو کے 17 فروری کے اس خط کے حوالے سے تھا جس میں انہوں نے اسلام پور کا نام بدل کرشری رام پوررکھنے کی سفارش کی تھی۔راجیندر بھامبو نے صحافیوں کو بتایاکہ بی جے پی کے عوامی نمائندوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کے جذبات بھی یہی ہیں کہ گاو¿ں کا نام اسلام پور سے بدل کر شری رام پور رکھا جائے،اسی لیے میں نے اس کی سفارش کی ہے۔ نام کی مجوزہ تبدیلی کے خلاف اسلام پور کے لوگوں نے جھنجھنو ضلع کلکٹریٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور بی جے کے رکن اسمبلی کے خلاف نعرے بازی کی۔اسلام پور کے سابق سرپنچ امین منیار نے کہا کہ اس گاو¿ں کو نواب اسلام خان نے 1451 میں بسایاتھا۔ گاو¿ں کے لوگوں کے درمیان اس نام پر کوئی تنازعہ نہیں ہے۔ ہم اس معاملے کو فرقہ وارانہ نہیں بننے دیں گے اور حکومت سے ہماری اپیل ہے کہ گاو¿ں کا نام تبدیل نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ گاو¿ں کے لوگوں اور گرام پنچایت کی رضامندی کے بغیر نام تبدیل کرنا غیر آئینی ہوگا۔امین منیار نے کہا اگر حکومت نے ہماری بات نہیں سنی اور نام تبدیل کرنے کی تجویز کو آگے بڑھایا ہے تو ہم تحریک چلائیں گے۔





