” دی کشمیر فائلز “ کا مقصد مسلمانوں کے خلاف نفرت بھڑکانا ہے، کے ایس الگیری
نئی دہلی19 مارچ (کے ایم ایس)تمل ناڈو کانگریس کمیٹی (ٹی این سی سی) کے سربراہ کے ایس الگیری KS Alagiriنے کہا ہے کہ وویک اگنی ہوتری کی فلم ‘دی کشمیر فائلز’ کا مقصد یکطرفہ طور پر آدھے سچ اور غیر مصدقہ من گھڑت کہانی دکھا کر مسلمانوں کے خلاف نفرت بھڑکانا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کے ایس الگیری نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فلم کشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو چھپانے اور کشمیر میں مسلمانوں کے ساتھ بھائیوں کی طرح رہنے والے پنڈتوں پر مظالم کے الزامات کو درست ثابت کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی اس فلم کے ذریعے مذہبی منافرت کو ہوا دیکر سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بات کے کافی شواہد موجود ہیں کہ اس فلم کا مقصد خرافات پھیلانا ہے ۔ کے ایس الگیری نے کہا کہ مسلمانوں کے ساتھ مذہبی ہم آہنگی سے رہنے والے پنڈتوں کے وادی سے اخراج کی ذمہ دار آر ایس ایس اور بی جے پی ہیں ۔