مدھیہ پردیش :کھرگون میں آج مساجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کی جائے گی
نئی دلی 15اپریل (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر کھرگون میں رواں ہفتے کے آغاز میں مسلمانوں کی املاک مسمار کئے جانے اور علاقے میں فرقہ وارانہ تشدد کے بعد ریاستی انتظامیہ نے شہرکی مساجد میں نماز جمعہ کی باجماعت ادائیگی پر پابندی عائد کر دی ہے ۔
کھرگون میں ہندو تہواررام نومی کی تقریبات کے دوران فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات کے بعد مسلمانوں کی املاک بشمول دکانوں اور مکانات کو مسمار کردیاگیا تھا ۔جس کے بعد سے علاقے میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں اور کرفیو نافذ کردیا گیاہے ۔ ریاستی انتظامیہ نے مسلمانوں سمیت تمام مذاہب کے ماننے والوں سے گھروں سے باہر نہ نکلنے اور گھر میں ہی عبادت کرنے کی اپیل کی ہے ۔ آئندہ تہواروں کے پیش نظر پولیس کنٹرول روم میں ڈسٹرکٹ کلکٹر انوگرہ پی اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انچارج روہت کاشوانی کے ساتھ مختلف مذہبی رہنمائوں کی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مہاویر جینتی اور امبیڈکر جینتی جس طرح سے منائی گئی اسی طرح جمعہ کی نماز گھر وں میں ہی ادا کی جائے گی۔ اس کے علاوہ 15 اپریل کو گڈ فرائیڈے پر چرچ نہ کھولنے پر بھی اتفاق کیا گیاہے۔ڈسٹرکٹ کلکٹر کے مطابق رام نومی کے دن شہر میں فرقہ وارانہ تشدد اور پتھرائو میں شہریو ں کا خاصا مالی نقصان ہوا تھا۔