نریندر مودی سے نہیں ڈرتا ، سچائی کو دبایا نہیں جا سکتا، راہل گاندھی
نئی دلی04اگست (کے ایم ایس)
بھارت میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور اشیائے خوردونوش پر عائد جی ایس ٹی کے خلاف کل جمعہ کو کانگریس پارٹی کی طرف سے ملک بھر میں احتجاج کی کال سے قبل پارٹی رہنماء راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے نہیں ڈرتے اور سچائی کودبایا نہیں جا سکتاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ ”سچائی کودبایا نہیں جاسکتا اور وہ وزیر اعظم مودی سے نہیں ڈرتے، انہوں نے جو کرنا ہے کر لیںاور وہ جمہوریت کا تحفظ جاری رکھیں گے ”۔انہوں نے احتجاج سے قبل حکومت کی طرف سے پارٹی ہیڈ کوارٹراور لیڈروں کی رہائش گاہوں پر بھاری تعداد میں پولیس اور فورسز کی تعیناتی اور رکاوٹیں کھڑی کی جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ ہم نریندر مودی سے نہیں ڈرتے ہیں، کر لیں جو کرنا ہے، کچھ فرق نہیں پڑے گا، میرا کام ملک اور جمہوریت کی حفاظت کرنا ، ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہے اور وہ اپنا کام جاری رکھیں گے ۔ ٹوئٹ کے ساتھ راہل گاندھی نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں وہ صحافیوں سے کہہ رہے ہیں ”ہم مودی حکومت کی انتقامی کارروائیوں سے ہرگز مشتعل نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ دلی پولیس نے کانگریس پارٹی کو ایک نوٹس بھیجاہے جس میں کہاگیا ہے کہ پارٹی نے 5اگست کو جو دھرنے، احتجاج اور صدارتی محل تک مارچ کا جواعلان کیا ہے اسکی ہرگز اجازت نہیں دی جائیگی ۔