مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت : ایک اور دلت نوجوان کا دوران حراست قتل

چندی گڑھ 20اپریل(کے ایم ایس)بھارت میں دلتوں پر مظالم کا سلسلہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا،تازہ ترین واقعے میں ریاست ہریانہ کے ضلع جھنڈ میں بھارتی پولیس نے ایک دلت نوجوان کودوران حراست قتل کر دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نوجوان کی شناخت 30سالہ پپی کے نام سے ہوئی ہے جسے انسداد منشیات قانون کے تحت درج ایک مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ پپی کی موت ریاست کے قصبے جولانہ کے ایک پولیس اسٹیشن میں ہوئی۔ مقتول کو 13اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا،اس کے لواحقین نے جولانہ تھانے کے باہر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پپی کی موت پولیس کے تشدد سے ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقتول کے جسم پر زخموں کے نشانات موجود ہیں۔ انہوں نے مقتول کی لاش کو اس وقت تک نذرآتش کرنے سے انکار کردیا جب تک کہ متعلقہ پولیس اہلکاروں کو برطرف نہیں کیا جاتا اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی جاتی۔پپی کی اہلیہ آشا نے بتایا کہ اس کے شوہر کو پولیس نے اسی وقت سے مارنا پیٹنا شروع کردیاتھاجب وہ اسے گرفتارکرنے آئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس شام 4بجے ہمارے گھر آئی اور اس کی پٹائی شروع کردی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں بھی نہیں بتایا گیاکہ وہ پپی کو کہاں لے گئے ہیں۔ آشانے بتایاجب میںنے اسے بچانے کی کوشش کی تو پولیس والوں نے مجھے بھی مارا اور میں بے ہوش ہو گئی۔مقتول کے ایک اور رشتہ دار نے بتایا کہ تقریبا ًسات سے آٹھ پولیس والے پپی کو گرفتارکرنے گھر آئے۔ انہوں نے کچھ نہیں بتایاکہ وہ اسے کیوں گرفتاکررہے ہیں اور پیر کو اطلاع دی کہ اس کی موت ہوگئی ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button