دیہی دفاعی کمیٹیوں کی بحالی مقبوضہ کشمیر میں حالات ٹھیک ہونے کے دعوئوں سے متصادم ہے، محبوبہ، تاریگامی
سرینگر 04 مارچ (کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسٹ) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے دیہی دفاعی کمیٹیوں کی بحالی کو مختلف برادریوں کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام مقبوضہ علاقے میں حالات پر امن ہونے کے بھارتی حکام کے دعوئوں کے برعکس ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی وزارت داخلہ کی طرف سے پورے علاقے میں دیہی دفاعی کمیٹیاں بنانے کا اقدام ان فیصلوں میں ایک اور اضافہ ہے جو مقبوضہ علاقے میں حالات ٹھیک ہونے کے بھارتی حکومت کے دعووئوں سے متصادم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمل برادریوں کے درمیان خلیج بھی پیدا کرے گا۔
محمد یوسف تاریگامی نے سری نگر میں ایک بیان میںبھارتی حکومت اور مقبوضہ علاقے کی انتظامیہ کی طرف سے دیہی دفاعی کمیٹیوںکو بحال کرنے کے منصوبوں کو تشویشناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ کمیٹیوں کو ماضی میں انتہائی خطرناک الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے اور پولیس نے وی ڈی سی ارکان کے خلاف عصمت دری اور قتل وغیرہ کے تقریباً 200 مقدمات درج کیے ہیں۔
یا د رہے کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کو دبانے کے لیے بھارتی فوج کی حمایت یافتہ خوفناک ملیشیا دیہی دفاعی کمیٹیوں Village Defence Committees (VDCs) کو مزید فعال بنانے کا اعلان کیا ہے۔