شبیرشاہ کانوجوانوں کو قتل ،گرفتار اورخواتین اوربچوں کو ہراساں کئے جانے پر اظہار تشویش
سرینگر 27اپریل(کے ایم ایس)غیر قانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوںکے دوران نوجوانوں کو قتل اور گرفتار اور خواتین اوربچوں کو ہراساں کئے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے 27رمضان المبارک کی شب قدر کے موقع پرایک پیغام میں کشمیری مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ تمام شہداء کو اپنی خصوصی دعائوں میں یاد رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ان شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہی مسئلہ کشمیر تمام عالمی فورموں پر مرکزی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء نے اپنی ذمہ داریاں پوری کرلی ہیں اور اب یہ عوام پر منحصر ہے کہ وہ اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ آزادی کے راستے پر چلتے ہوئے ان کی قربانیوں کی حفاظت کریں۔
دریں اثنا ء حریت رہنما عبدالمجید ملک نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کہا کہ مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میںآبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے بھارت میں مسلمانوں کے مکانوں کو مسمار کرنے کی بی جے پی حکومت کی مہم کی شدید مذمت کی۔