ورلڈ کپ فائنل میں بھارت کی شکست کا جشن منانے پر 7کشمیری طلبا گرفتار
سرینگر:
19 نومبر کو عالمی کرکٹ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا سے بھارت کی شکست کا جشن منانے اور نعرے لگانے پربھارتی پولیس نے مقبوضہ جموںوکشمیر کے ضلع گاندربل میں زرعی سائنس اور ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے7 طلبا کو گرفتار کر لیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری طلبا کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے اور تعزیرات ہند کی عوامی فساد اور مجرمانہ دھمکیوں سے متعلق دفعات کے تحت گرفتار کیاگیا ہے ۔ گاندربل کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نکھل بورکر نے میڈیا سے گفتگو میں کشمیری طلباء کی گرفتاری کی تصدیق کی۔یونیورسٹی کے غیر کشمیری طالب علم کی شکایت پر ورلڈ کپ فائنل کے ایک دن بعد کشمیری طلبہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شکایت کنندہ نے کشمیری طلبہ کی طرف سے میچ کے بعد بھارت کی شکست پر جشن منانے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگانے کا الزام لگایا ہے ۔