فاروق رحمانی کی کشمیر سے متعلق ویب سائٹس اور یو ٹیوب چینلز پر پابندی کی مذمت
اسلام آباد 22 دسمبر (کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے سیاسی سرگرمیوں اورکشمیر سے متعلق دو ویب سائٹس ”کشمیر گلوبل‘ اور” کشمیر واچ“ اور 20 یو ٹیوب چینلز پر پابندی عائد کرنے پر مودی حکومت کی مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی کارروائی نہ صرف اس کے اپنے آئین کی خلاف ورزی ہے بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور اس کے عالمی منشور کے بھی منافی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور اس کے متعلقہ فورمز اور بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ ویب سائٹس اور یو ٹیوب چینلز کے خلاف پابندی کے حکم کا سختی سے نوٹس لیں اور فسطائی بھارتی حکومت کو پابندی ہٹانے پر مجبور کریں۔ محمد فاروق رحمانی سے عالمی اداروں پر زوردیا کہ وہ بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں اظہار رائے کی آزادی اور اختلاف رائے کے حق کو یقینی بنائیں۔