مودی حکومت عید کے موقع پر بھی ایس پی اوز کی تنخواہیں جاری کرنے میں ناکام
جموں 04مئی (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں” آل انڈیا وائس آف پوور پیپل ”کے صدر اور ٹریڈ یونین رہنما سیوا سنگھ بالی نے انتظامیہ کی جانب سے سپیشل پولیس افسران(ایس پی اوز) کی تنخواہیں جاری نہ کرنے کے خلاف جموں میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایس پی اوزحق خودارادیت کی جدوجہد کرنے والے کشمیری مسلمانوں کو دبانے کے لیے مودی حکومت کی طرف سے عارضی طورپربھرتی کی گئی پولیس فورس ہے۔سیواسنگھ بالی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ ایس پی اوز کی تنخواہیں عید پر بھی جاری نہیں کی گئیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جموں و کشمیرکی حکومت کو ایس پی اوز اور ان کے اہل خانہ کو درپیش مشکلات کی کوئی پروا نہیں۔عام آدمی پارٹی کے ایک رہنمانے جو مظاہرین میں شامل تھے، کہاکہ انتظامیہ ناکام ہوچکی ہے جس نے ایس پی اوز کو عید منانے کے حق سے محروم کر دیا ہے۔انہوں نے کہا لگتا ہے کہ حکومت کسی بھی مسئلے کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیںلے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایس پی اوز وہ لوگ ہیں جو 24گھنٹے اورسات دن کام کرتے ہیں۔ ان میں سے بہت سے لوگ ڈیوٹی کے دوران اپنی جانیں گنوا چکے ہیں لیکن ان کے ساتھ ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔ جموں کے سیاسی تجزیہ کاروں نے مظاہروں پر تبصرہ کرتے ہوئے خصوصی پولیس افسران پر زوردیاکہ وہ اپنے کردار پر نظر ثانی کریں کیونکہ مودی حکومت انہیں کرائے کے قاتلوں کا ایک گروہ سمجھتی ہے اور کچھ نہیں۔