مقبوضہ جموں و کشمیر

شہید اشرف صحرائی اعلیٰ سیاسی بصیرت اور جہد مسلسل سے عبارت شخصیت کے مالک تھے۔ مولوی بشیر

سرینگر 04مئی (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے شہید عزیمت محمد اشرف خان صحرائی کو ان کے پہلے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ شہید محمد اشرف خان صحرائی تحریک آزادی کشمیر کے ایک نڈر ،بے لوث اور انتہائی مخلص رہنما تھے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مولوی بشیرنے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ وہ ایک شہید بیٹے جنید صحرائی کے والدتھے جبکہ ان کے خاندان کے کئی اور لوگ بھی شہید ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہیداشرف صحرائی نے زندگی کا بیشتر حصہ پس دیوار زنداں گزارا لیکن ان کے پایہ استقلال میں کبھی کوئی لغزش نہ آئی اورانہوں نے قید و بند کی صعوبتوں کو اپنے اسلاف کی سنت سمجھ کر برداشت کیا ۔ مولوی بشیر نے کہاکہ اس سے بڑی سعادت کیا ہوگی کہ امام ابوحنیفہ کی طرح ان کا جنازہ بھی جیل سے اٹھا۔وہ صرف گفتار کے نہیں بلکہ کردارکے بھی غازی تھے۔شہید اشرف صحرائی اپنے پیچھے عزم و ہمت اور قربانیوں کی لازوال داستان چھوڑ گئے اور آخری دم تک تحریک آزادی کشمیرکے ساتھ اپنا عہد نبھاتے رہے۔مولوی بشیر احمد عرفانی نے کہاکہ شہید محمد اشرف خان صحرائی کی جیل کے اندر شہادت ایک حراستی قتل ہے اورکشمیری قوم اپنے اس عظیم رہنما کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ ان کی جدوجہد اور قربانی ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور ہم اس جدوجہد کو ہر حال میں جاری رکھیںگے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہاکہ آج بھی حریت رہنما اور کارکنان کی بڑی تعداد جیلوں میں نظر بند ہیں۔انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ بھارتی جیلوں میں نظربند کشمیریوںکی رہائی کو یقینی بنائے اورتنازعہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button