مزید 82کشمیری سیاسی نظربندمقبوضہ جموں وکشمیرسے بھارتی جیلوں میں منتقل
جموں15مئی (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض حکام نے مزید 82کشمیری سیاسی نظربندوں کو کشمیرکی جیلوں سے ہریانہ، اتر پردیش اور نئی دہلی سمیت بھارت کی مختلف جیلوں میں منتقل کر دیا ہے۔
مارچ کے دوسرے ہفتے میںقابض حکام نے 96کشمیری نظربندوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA)کے تحت علاقے سے بھارت کی جیلوں میں منتقل کیا۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر سیاسی نظربندوں کو کوٹ بھلوال جیل جموں اور وادی کشمیر کی جیلوں سے ہریانہ، نئی دہلی اور اتر پردیش کی جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ رپورٹس میں کہا گیاہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا اور جموں و کشمیر کی جیلوں سے بھارتی جیلوں میں منتقلی کے لیے مزید نظربندوں کی فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں۔ متعددحریت رہنما گزشتہ کئی سالوں سے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظر بند ہیں۔