مقبوضہ جموں و کشمیر

جاوید میر کی طرف سے تنازعہ کشمیر کے فوری حل پر زور

سرینگر14 ستمبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں حریت رہنما جاوید احمد میر نے عالمی برادری پردیرینہ تنازعہ کشمیر کے فوری حل پر زوردیا ہے تاکہ جنوبی ایشیاء کے خطے کو جوہری تباہی سے بچایا جاسکے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جاوید احمد میر نے سرینگر میں تعزیتی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارت اور جموں وکشمیر کی جیلوں میںغیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں اور کارکنوںکی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔جاوید میر مولانا محمد یوسف شاہ کے قریبی ساتھی عبدالستار گگرو کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے جامع مسجد سرینگر بھی گئے ۔ انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کااظہارکیا۔حریت رہنما نے میر واعظ عمر فاروق کے قریبی ساتھی حاجی نور الدین پنڈت کی رہائش گاہ پر بھی گئے اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
ادھر جموں وکشمیر ایمپلائز موومنٹ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری بیان میں افسوس ظاہر کیاہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت جموں وکشمیر مسلم اکثریت شناخت کو تبدیل کرنے کیلئے کشمیریوں کی نسل کشیُ جاری رکھے ہوئے ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کی طرف سے سامنے لائے گئے حقائق سے یہ حقیقت پوری دنیا کے سامنے واضح ہوگئی ہے کہ بھارت گزشتہ کئی برسوں سے جھوٹ کا سہارا لے کر اقوام عالم کو گمراہ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی بین الاقوامی اور مقامی تنظیموں کو آزادانہ کام کرنے کی اس لئے اجازت نہیں دی جاتی تاکہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم ، کشمیریوں کی نسل کشیُ اور ملک میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ روا رکھے جانیوالے بہیمانہ سلوک کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب نہ کر دیں۔ترجمان نے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کا یہ اقدام عالمی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں، انصاف اور قانون کی حکمرانی کی روح کے منافی ہے ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button