مقبوضہ جموں و کشمیر

تنازعہ کشمیر کی وجہ سے خطے کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے: پروفیسر بٹ

سرینگر08جون (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںسینئر حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ نے کہا ہے تنازعہ کشمیر کی وجہ سے خطے کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے کیونکہ اس میں دنیا کی تین ایٹمی طاقتیں براہ راست ملوث ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پروفیسر بٹ نے یہ بات سوپور میں حریت رہنما محمد مصدق عادل کے انتقال پر ایک تعزیتی مجلس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے مصدق عادل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ بچپن سے تحریک آزادی کشمیر کے لئے قربانیاں دیتے رہے ہیں اور آخری دم تک اپنے نصب العین پر ثابت قدم رہے۔انہوں نے کہاکہ علالت کے باوجود وہ ہمیشہ تحریک آزادی کی صف اول میں رہے جس سے کاز کے لئے ان کے عزم کااظہار ہوتا ہے۔ پروفیسر بٹ نے کہاکہ کشمیریوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں جن کے نتائج اب آنا شروع ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صاف نظرآرہا ہے کہ دنیا کا منظرنامہ اب اچھائی کے لئے تبدیل ہورہا ہے اور اس صورتحال میںتنازعہ کشمیر کوایک مہذب انداز میں مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے خطے کی صورتحال انتہائی سنگین ہے کیونکہ دنیا کی تین جوہری طاقتیں اس میں براہ راست ملوث ہیں۔حریت رہنما نے کہاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے پاکستان اور بھارت کے درمیان جلداز جلد مذاکراتی عمل شروع کرنے کی ضرورت ہے جوآگے بڑھنے کاسب سے بہترین راستہ ہے۔محمد مصدق عادل اوران کی والدہ کے انتقال پر منعقدہ تعزیتی مجلس میں دیگر لوگوں کے علاوہ سینئر حریت رہنما فاروق احمد توحیدی، شبیر احمد ڈار، مختاراحمدصوفی، محمدیاسین عطائی،مولوی غلام حسن میر، فاروق احمدماموسی، امتیاز ریشی اور بشیر احمد طوطانے بھی شرکت کی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button